ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی اور صوبائی و ضلعی کابینہ کے اراکین نے کوئٹہ میں پاسپورٹ آفس کے سامنے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے بے گناہ محمد طاہر اور سجاد علی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ دہشتگرد ٹولہ کے مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کے مذموم مقاصد اسلام اور ملک دشمن امریکی و یہودی لابی کا حصہ ہیں۔ جو شیطان پرستوں کے زیر سرپرستی کام کرتے ہیں۔ لہٰذا تمام علماء، سیاسی اکابرین اور مذہبی جماعتوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے عوام کو ہوشیار رکھیں۔ اور انہیں دہشت گرد عناصر کے مذموم مقاصد سے آگاہ کرکے کوئٹہ شہر کو مزید خون خرابے سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مکار دشمن کا علماء کرام اور عام بے گناہ افراد کو قتل کرنے کا مقصد شہر کے امن کو تباہ کرنا اور فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔ ایسے حالات میں تمام مسلمانوں اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے بارے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ہر قسم کی نفرت اور اشتعال انگیز باتوں پر کان نہ دھریں، آپس میں اتحاد و بھائی چارے کی فضاء کو بر قرار رکھتے ہوئے ان اسلام دشمن عناصر کو ناکام بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومتی لاپرواہی کو تمام دہشتگردی کے واقعات کا اصل ذمہ دار سمجھتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ دہشتگردوں اور درپردہ عناصر کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
علامہ ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے، جس کو ادا کرنے میں آج تک حکمران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہیں۔ جو کہ عوام کے لئے سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو تشویش لاحق ہے کہ بعض حکومتی ادارے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، جسکی وجہ سے آج تک علماء اور بے گناہ عوام کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا، انہوں نے کہا کہ علماء اور بے گناہ افراد چاہے وہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی اور قوم یا مسلک سے دہشتگردوں کا نشانہ بنتے جا رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین دہشتگردی کے ان واقعات تمام واقعات میں بے گناہ افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔
.......
/169